تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر واقع نجی سکول میں 8 سالہ طالبہ سے مبینہ ہراسانی اور نازیبا حرکات کے الزام میں پولیس نے چوکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی گزشتہ چند روز سے سہمی ہوئی تھی اور کھانا بھی ٹھیک سے نہیں کھا رہی تھی جبکہ سکول جانے کا کہا جاتا تو رونے لگتی تھی۔ 
والد کے مطابق بچی کو پیار سے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ سکول کا چوکیدار رفیق اسے بریک ٹائم کے دوران دوسری منزل پر واقع کچن میں لے گیا جہاں اس کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب حرکات کی گئیں۔ایف آئی آر کے مطابق والدین نے بچی کے کپڑے چیک کیے تو ان پر مبینہ طور پر داغ موجود تھے۔ واقعے کی چھان بین کے لیے سکول پہنچنے پر بچی نے مبینہ طور پر چوکیدار کی شناخت بھی کرلی۔ 
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ الزام کی مزید تصدیق تفتیش کے دوران کی جائے گی۔