وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور مسائل کے حل کا راستہ برآمدات میں اضافے سے نکلتا ہے، ہمیں ایکسپورٹ بڑھانے کا جامع پلان بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، تاہم اس عمل کے لیے تاجروں اور عوام کا تعاون ضروری ہے، جب سسٹم ری سیٹ ہوگا تو چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی، وہ خود بھی کاروباری برادری کا حصہ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔ 
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  داخلہ محسن نقوی کا نومنتخب ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے  کہنا تھا کہ گوہر اعجاز نے ابھی جو باتیں کی ہیں، ان کا حل یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ملکی برآمدات بڑھائی جائیں،انہوں خود حکومت میں رہ کر دیکھ چکے ہیں کہ اہداف حاصل کرنا پڑتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ تین چار ماہ کے دوران ایران کے متعدد دورے کیے، ایران کے بارے میں پہلے سمجھا جاتا تھا کہ وہ تباہ حال ہوگا، تاہم وہاں سے واپس آنے والے لوگ حیران ہوئے، ایران میں کنسٹرکشن، آٹو انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں مصنوعات ملک کے اندر تیار کی جا رہی ہیں۔