صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ وادی کے غیر متزلزل عزم اور کشمیری عوام کی لازوال جدوجہدِ آزادی کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر دراصل عالمی برادری کے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ انصاف، انسانی وقار اور حقِ خودارادیت کی جنگ کبھی دبائی نہیں جا سکتی۔ بنیادی حقوق، آزادی اور باوقار زندگی کشمیری عوام کا ناگزیر اور تسلیم شدہ حق ہے، جس سے انہیں مزید محروم نہیں رکھا جا سکتا۔مظلوم کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط مشکلات عالمی ضمیر، بین الاقوامی برادری اور انسانی ہمدردی کے لیے ایک زبردست امتحان اور تقاضا ہیں۔ خطے میں پائیدار اور دائمی امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کا احترام انتہائی ناگزیر ہے۔ کشمیری عوام کی حق بجانب آواز کو عالمی سطح پر تمام فورمز پر مؤثر اور بھرپور انداز میں سنا جانا چاہیے۔
سہیل شوکت بٹ نے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ پاکستان کشمیر کے غصب شدہ حقوق کی بحالی تک ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔