وزیر لائیو سٹاک و زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز صوبے کی خواتین بالخصوص جنوبی پنجاب کی مستحق اور محنت کش خواتین کو معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ خواتین کو با اختیار بنانا دراصل پورے معاشرے کی ترقی کی ضمانت ہے۔ ہم اپنی ماؤں اور بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، اور ان کی مالی مشکلات کے خاتمے تک عملی اقدامات کا یہ سلسلہ پوری شفافیت کے ساتھ جاری رہے گا کیونکہ مضبوط ماں اور بہن ہی ایک مضبوط خاندان اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ’’لائیو سٹاک سپورٹ پروگرام‘‘کے دوسرے مرحلے کی شفاف ای بیلٹنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  کے ویژن کے مطابق دیہی خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خودمختار بنانے کے لیے3 ارب روپے کی لاگت سے ’’لائیو سٹاک سپورٹ پروگرام‘‘ کے دوسرے مرحلے کی شفاف ای بیلٹنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر لائیو سٹاک و زراعت عاشق حسین کرمانی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر بٹن دبا کر اس عمل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن، سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ احمد عزیز تارڑ، سیکرٹری لائیو سٹاک ساؤتھ پنجاب  اسد نعیم، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
پروگرام کے دوسرے مرحلے کی نمایاں خصوصیات:
 * شفاف ای بیلٹنگ: پنجاب بھر سے موصول ہونے والی کل 75,666 درخواستوں میں سے اربن یونٹ سے تصدیق کے بعد 15,396 درخواستیں منظور کی گئیں، جن میں سے شفاف ای بیلٹنگ کے ذریعے 3,304 خوش نصیب خواتین کا انتخاب کیا گیا ہے۔
 * جانوروں کی تقسیم: منتخب ہونے والی خواتین میں مفت گائیں اور بھینسیں تقسیم کی جائیں گی، جس کا آغاز 20 اکتوبر سے کر دیا جائے گا۔
 * پہلے مرحلے کی کامیابی: یاد رہے کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے کے دوران جنوبی پنجاب کی بیوہ اور مطلقہ خواتین میں 9,255 اعلیٰ نسل کے جانور تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
 * مالی معاونت اور ڈیبٹ کارڈ: مستحق خواتین کو بینک آف پنجاب کے ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ ہر مستحق خاتون کو جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے 5,000 روپے کی یکمشت مالی معاونت بھی دی جائے گی۔
 * شفافیت اور کوٹہ: تقسیم کے عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے ہر ضلع کا مخصوص کوٹہ مقرر کیا گیا ہے اور جانوروں کی فراہمی تحصیل کی سطح تک یقینی بنائی جائے گی۔
 * نسل کشی میں بہتری اور رجسٹریشن: تقسیم کیے جانے والے جانوروں کی PAITS کے تحت باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور بہتر نسل کے حصول کے لیے اعلیٰ معیار کے سیمن کا استعمال کیا جائے گا۔
آن لائن بیلٹنگ کی اس تقریب میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی لائیو سٹاک افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔