سلانوالی: سیالکوٹ سے سلانوالی واپس آنے والے دو نوجوان جلال پور کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعے کی خبر سلانوالی پہنچی تو علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سلانوالی کے گاؤں چک نمبر 130 جنوبی سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان حسنین ولد اللہ رکھا اور یاسین ولد اسحاق، دونوں قوم راجپوت، ہنڈا 125 موٹر سائیکل پر سیالکوٹ سے سلانوالی واپس آ رہے تھے کہ جلال پور کے قریب مبینہ طور پر پیچھے سے آنے والی ایک بس نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
حادثہ انتہائی شدید تھا، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان سڑک پر جا گرے۔ حسنین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ شدید زخمی یاسین کو ریسکیو 1122 کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں نوجوانوں کی عمریں تقریباً 21 سے 22 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ دونوں نوجوانوں کی اچانک موت کی خبر نے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب کو غم سے نڈھال کر دیا، جبکہ علاقے میں بھی سوگ کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔
اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی سلانوالی واپسی کے منتظر تھے، مگر بدقسمتی سے واپسی کا یہ سفر دونوں نوجوانوں کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔
اہلِ علاقہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق نوجوانوں کے لیے دعائے مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
اللہ تعالیٰ دونوں مرحومین کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
رپورٹ: SNN News Sillanwali