عوامی فلاحی گروپ تحصیل رائیونڈ کا اہم اجلاس، خالد بھٹی وائس چیئرمین مقرر

مستحق اور مظلوم افراد کی خدمت اولین ترجیح، خالد بھٹی کا عزم، عہدیداران کی جانب سے نومنتخب وائس چیئرمین کو مبارکباد

رائیونڈ(ڈسٹرکٹ کرائم رپورٹر فیصل اسلم چوہدری سے)عوامی فلاحی گروپ تحصیل رائیونڈ کا اہم اجلاس ایک نجی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا، جس میں گروپ کی تنظیمی صورتحال، عوامی خدمت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس زیرِ سرپرستی محمد اسلم ٹھیکیدار جبکہ چیئرمین عوامی فلاحی گروپ محمد فیصل اسلم چوہدری اور صدر میاں یوسف ربانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں صدر یونین کونسل 267 وسیم اکرم، صدر سوشل میڈیا ٹیم نعمان یوسف سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیمی مشاورت کے بعد خالد بھٹی کو عوامی فلاحی گروپ تحصیل رائیونڈ کا وائس چیئرمین مقرر کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ اعلان کے بعد گروپ کے عہدیداران اور ساتھیوں کی جانب سے خالد بھٹی کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

نومنتخب وائس چیئرمین خالد بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی فلاحی گروپ کے پلیٹ فارم سے مستحق، مظلوم اور ضرورت مند افراد کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔ ان شاء اللہ جو بھی مجبور اور مستحق فرد مدد کے لیے ان کے پاس آئے گا، اس کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا اور اس کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی فلاحی گروپ کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور غریب و مستحق افراد کی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کرنا ہے، جس کے لیے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ ادا کریں گے۔

اجلاس میں عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاحی گروپ تحصیل رائیونڈ عوامی خدمت کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے مستحق خاندانوں، مظلوم افراد اور ضرورت مند شہریوں کی عملی مدد کا سلسلہ مزید مؤثر بنائے گا