معروف بھارتی اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔ ان کے بیٹے محسن کے مطابق مشتاق خان کو تقریباً 2 ہفتے قبل ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں پیٹ میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے بعد طبی معائنے میں کینسر کی تشخیص ہوئی، تاہم گزشتہ چند روز کے دوران ان کی طبیعت تیزی سے بگڑ گئی اور وہ جمعرات کی شام تقریباً 7 بجے انتقال کرگئے۔
دکن ہیرالڈ کے مطابق  محسن نے بتایا کہ اسپتال میں داخل ہونے سے قبل مشتاق خان بالکل ٹھیک تھے اور سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے کی پہلی فلم کی شوٹنگ میں بھی حصہ لے رہے تھے۔ مشتاق خان نے تقریباً 5 دہائیوں پر محیط فنی کیریئر میں 500 سے زائد فلموں میں کام کیا اور معاون کرداروں کے ذریعے وسیع شہرت حاصل کی۔ ان کی معروف فلموں میں ’’عاشقی‘‘، ’’دل ہے کہ مانتا نہیں‘‘، ’’ساتھی‘‘، ’’سڑک‘‘، ’’جنون‘‘، ’’گناہ‘‘، ’’سر‘‘، ’’غدر‘‘، ’’ویلکم‘‘ اور ’’غدر 2‘‘ شامل ہیں۔مشتاق خان کی نماز جنازہ اور تدفین جمعہ کو ہوگی۔ وہ اہلیہ، ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔