صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا  ہےکہ 2024ء میں پنجاب حکومت نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت تھی۔ 2021ء سے 2024ء تک اس شعبے میں خاطر خواہ سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔ مالی سال25-2024ء میں ٹرانسپورٹ کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا گیا، جبکہ مالی سال 26-2025ء میں اس شعبے کے لیے 104 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ اورنج لائن اور میٹرو بس سروس پہلے سے چل رہی تھیں، تاہم ان کی سہولتیں محدود تھیں۔ ابتداء میں 5شہروں میں الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بنایا گیا، جسے بعد ازاں پنجاب کے تمام اضلاع تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے بھر میں 1100 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا منصوبہ شہریوں کو جدید، ماحول دوست اور باعزت سفری سہولت دینے کی جانب اہم قدم ہے۔صرف 20 روپے کرائے میں عوام کو معیاری سفری سہولت فراہم کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوام دوست وژن کا حصہ ہے۔